’حملہ حکومت کو خطرے کا مظہر‘
امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن نے کہا ہے کہ پاکستان میں آرمی ہیڈکوارٹر پر حملہ حکومتِ پاکستان کو شدت پسندوں کی طرف سے لاحق خطرے کو ظاہر کرتا ہے۔
انہوں نے یہ بات یورپ کے پانچ روزہ دورے کے لیے لندن پہنچنے پر اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔
امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان میں شدت پسندوں کی بیغ کنی کے لیے کیے جانے والے اقدامات بہت اہم ہیں۔
ہیلری کلنٹن نے اخبار نویسوں کو بتایا کہ انہیں پاکستانی جی ایچ کیو پر شدت پسند حملے کے بارے میں بریفنگ دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ اس بات کی نشاندہی کرنا چاہتی ہیں کہ یہ حملہ پاکستانی حکومت کو لاحق مستقل خطرات کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جمہوری قیادت فوج کے ساتھ مل کر شدت پسندوں کی بیغ کنی، تشدد اور ریاست کی خودمختاری پر براہِ راست حملوں کو روکنے کے لیے بہت اہم اقدامات اٹھا رہی ہے۔
فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے مطابقہ ہفتے کی دوپہر چھ مسلح افراد نے جی ایچ کیو کے گیٹ نمبر ایک پر حملہ کیا تھا جن میں سے چار کو ہلاک کر دیا گیا تھا اور باقی دو نے گیٹ نمبر دو کے عقب میں سکیورٹی کی ایک عمارت میں کچھ اہلکاروں اور سول ملازمین کو یرغمال بنا لیا تھا۔
سکیورٹی فورسز نے جی ایچ کیو کے اندر ان مسلح حملہ آوروں کا ایک سکیورٹی عمارت میں محاصرہ کر رکھا ہے اور ان کی رہائی کے لیے کسی بھی وقت کارروائی کی توقع کی جا رہی ہے۔
No comments:
Post a Comment