Thursday, October 15, 2009

ایف آئی اے دفتر اور پولیس مراکز پر حملے، اکیس ہلاک

ایف آئی اے بلڈنگ پر حملہ کرنے والے شخص نے خودکش جیکٹ پہن رکھی تھی

لاہور میں مسلح افراد نے وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کی عمارت اور بیدیاں روڈ اور مناواں میں واقع پولیس تربیتی مراکز پر حملے کیے ہیں جن میں اب تک کم از کم اکیس افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

مرنے والوں میں بارہ سکیورٹی اہلکار اور چھ حملہ آور شامل ہیں جبکہ تین افراد کی شناخت ہونا باقی ہے۔ ہلاک شدگان میں سے سات افراد ایف آئی اے کی عمارت، دس مناواں تربیتی مرکز اور چار ایلیٹ فورس مرکز میں مارے گئے ہیں۔

کلِک لاہور، شدت پسندوں کا نشانہ: تصاویر

یہ تینوں حملے جمعرات کی صبح قریباً ایک ہی وقت میں کیے گئے ہیں اور پولیس حکام کے مطابق ایف آئی اے کی عمارت اور مناواں میں آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ بیدیاں روڈ پر مقابلہ جاری ہے۔

بیدیاں روڈ پر واقع ایلیٹ فورس کے تربیتی مرکز میں آپریشن تاحال جاری ہے اور اب تک ایک حملہ آور اور تین پولیس اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے۔اطلاعات کے مطابق حملہ آوروں نے تربیتی مرکز میں متعدد افراد کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق بیدیاں روڈ پر آپریشن کی کمان فوج کے کمانڈوز کے ہاتھ میں ہے جبکہ پولیس کی ایلیٹ فورس کے علاوہ رینجرز کے جوان بھی اس میں شریک ہیں۔ آپریشن میں شریک سکیورٹی اہلکاروں کو بکتر بند گاڑیوں اور ہیلی کاپٹروں کی مدد حاصل ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ایلیٹ فورس کے تربیتی مرکز پر سات سے دس مسلح افراد نے صبح ساڑھے نو بجے حملہ کیا۔ یہ حملہ آور تربیتی مرکز کے احاطے میں داخل ہونے میں کامیاب ہو گئے تاہم صوبائی وزیرِ قانون رانا ثناء اللہ کے مطابق انہیں مرکز کی عمارت میں داخل ہونے نہیں دیا گیا۔

حملے میں زخمی ہونے والے افراد کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے

حکام کا کہنا ہے کہ مناواں میں واقع پولیس تربیتی مرکز میں بھی حملہ آروں کے خلاف آپریشن مکمل ہو گیا ہے اور اس کارروائی میں چار حملہ آور اور پولیس کے چھ اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔ پولیس کے مطابق دو حملہ آوروں نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جبکہ دو حملہ آور پولیس کی فائرنگ سے مارے گئے۔

ادھر ایس پی سول لائنز حیدر اشرف نےبتایا ہے کہ کچھ مسلح افراد نے صبح ساڑھے نو بجے کے قریب ٹیمپل روڈ پر واقع وفاقی تحقیقاتی ادارے کی عمارت پر حملہ کرنے کی کوشش کی جس پر عمارت کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکاروں نے جوابی فائرنگ کی اور فائرنگ کے اس تبادلے میں ایک حملہ آور ہلاک ہوگیا۔ موقع پر موجود پولیس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ’ہمیں ہلاک ہونے والے ایک شخص کے قریب سے دستی بم اور خودکش جیکٹ ملی ہے۔ عمارت کے دروازے کے قریب سے بھی دو لاشیں ملی ہیں۔ عمارت کلیئر کر دی گئی ہے اور تمام ملازم محفوظ ہیں‘۔

پولیس حکام کے مطابق اس کارروائی میں ایف آئی اے کے تین اہلکاروں سمیت سات افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ صوبائی وزیرِ قانون رانا ثناء اللہ نے مقامی ذرائع ابلاغ کو بتایا ہے کہ حملہ آوروں نے ایف آئی اے کی عمارت میں موجود افراد کو یرغمال بنانے کی کوشش کی جو ناکام بنا دی گئی۔ ایس پی سول لائنز نے بتایا ہے کہ ایف آئی اے بلڈنگ میں آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے اور اب تلاشی کا عمل جاری ہے۔

خیال رہے کہ یہ دوسرا موقع ہے کہ لاہور میں ایف آئی اے کی عمارت کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ اس سے قبل گیارہ مارچ سنہ 2008 کو ایف آئی اے کے اسی صوبائی ہیڈکوارٹرز پر حملے میں ییس افراد مارے گئے ہیں جن میں ایف آئی اے کے بارہ اہلکار شامل تھے۔

No comments: